پاکستانی خبریں

ساری صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں،محسن نقوی

دنیا بھر میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، بھارت الزامات لگا کر اصل حقائق چھپانا چاہتا ہے، محسن نقوی

خلیج اردو
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے، پاکستان اس کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جب بھی دہشتگردی کا کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کا الزام بغیر تحقیق پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے۔ محسن نقوی کے مطابق بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت براہ راست ملوث ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ اصل حقائق سامنے آئیں اور بھارتی ڈرامہ بے نقاب ہو۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ساری صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، اور ہم پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت کا امتحان ہے کہ وہ اصل حقائق سامنے لاتا ہے یا نہیں۔ محسن نقوی کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں سات آئی ای ڈیز پکڑی گئی ہیں، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت پاکستان کے مختلف شہروں میں دھماکے کرانا چاہتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی ایل اے اور ’’را‘‘ دراصل ایک ہی ہیں اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں دونوں کا گٹھ جوڑ ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے اور پاکستان اپنی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس واقعے کی بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارت کی مسلسل جارحانہ پالیسیاں صورتحال کو سنگین بنا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button