
خلیج اردو
پہلگام: پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حکم پر بھارتی فوج جعلی انکاؤنٹرز کے ذریعے معصوم کشمیریوں کا قتل عام کروا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق بھارتی فوج کی سفاکیت کے ناقابل تردید ثبوت منظر عام پر آ چکے ہیں۔ طویل عرصے سے بھارتی افواج معصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلتی رہی ہیں۔ 24 اپریل 2025 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے اڑی سیکٹر میں بھارتی فوج نے دو بے گناہ نہتے کشمیریوں، محمد فاروق اور محمد دین، کو دن دہاڑے جعلی انکاؤنٹر کے دوران شہید کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نہ صرف جعلی انکاؤنٹرز میں ملوث ہے بلکہ ان کے ذریعے شہید کیے گئے افراد کی لاشوں کے ساتھ بیہمانہ سلوک بھی کرتی ہے۔ دل دہلا دینے والے ویڈیوز میں بھارتی فوجیوں کو شہید کشمیریوں کی گردنوں پر خنجروں سے وار کرتے دیکھا گیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ ان مکروہ حرکات کا مقصد ڈی ایس پی کے آنے سے پہلے لاشوں کو ڈرامے کے لیے تیار کرنا ہوتا ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسیاں بھی جبری و غیر قانونی حراست کے ذریعے معصوم کشمیریوں اور پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹرز میں شہید کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید 732 بے گناہ قیدیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ان قیدیوں تک کسی کو رسائی نہیں دی جا رہی۔ 2003ء سے اب تک بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے 56 بے گناہ پاکستانیوں کو بھی جبری طور پر قید کر رکھا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت ان قیدیوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر سکتا ہے، جنہیں تشدد کے ذریعے پاکستان کے خلاف بیان دینے پر مجبور کیا جا سکتا ہے یا انہیں جعلی انکاؤنٹر میں دہشتگرد ظاہر کر کے شہید کیا جا سکتا ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی جموں جیل میں جبری طور پر قید پاکستانی قیدیوں میں سے دو سے تین کو پہلے ہی غائب کر دیا گیا ہے، جس کا انکشاف 25 اپریل کو ہوا۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت مزید قیدیوں کو بھی اپنے جھوٹے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔