
خلیج اردو
کراچی، 18 اپریل 2025
کراچی کے جناح اسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث 17 سالہ مریض نثار علی دم توڑ گیا۔ لواحقین نے لاش صدر تھانے کے باہر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور اسپتال انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کیے۔
لواحقین کے مطابق نثار علی کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، لیکن بروقت اور درست علاج فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل آئی سی یو میں دو بیڈ خالی ہونے کے باوجود بیڈ فراہم نہیں کیا گیا، جس پر عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
واقعے کے بعد میڈیکل آئی سی یو میں موجود تیمارداروں اور ڈاکٹرز کے درمیان جھگڑا ہوا، جس میں ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کی اطلاعات ہیں۔ اس واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
ڈاکٹرز نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔







