پاکستانی خبریں

پاک سعودی دوستی : سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سنٹر سے دو مزید جہاز امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچے گئے

خلیج اردو

اسلام آباد: شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے سیلاب متاثرین کےلئے امداد کے دو جہاز خوراک اور دیگر اشیاء لیکر پاکستان پہنچ گئے، پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ڈاکٹر خالد محمد العثمانی کے ہمراہ سیہون شریف میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،سعودی سفیر نے پاک فوج کے ساتھ ملکر متاثرین میں امداد کا کچھ حصہ تقسیم کیا۔

 

پاکستان میں سعودی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  سعودیہ سے امداد میں خیمے، کمبل، غذائی اور غیر غذائی پیکج اور کھجوریں شامل ہیں ، سعودی عرب کی جانب سے موصول ہونیوالی امداد پاکستان کے تمام صوبوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کی جائے گی ، امداد کا مقصد متاثرین کو ریلیف دینا ہے۔

 

شاہ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے ائیربرج قائم کر کے سعودی عوام سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کی جا رہی ہے ، سعودی سفارتخانہ کے مطابق پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے سعودی عرب میں فنڈز اکٹھے کرنے کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

 

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دوست ممالک پیش پیش ہیں۔ پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے 13 ممالک، 3 عالمی تنظیموں سے 110 امدادی طیارے پہنچ چکے۔ دفتر خارجہ نے تفصیلات بھی جاری کر دیں۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیلاب متائثرین کی مدد کیلئے متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ 41 امدادی طیارے راولپنڈی، کراچی، لاہور بھیجے۔امریکہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 20 امدادی طیارے سکھر، کراچی راولپنڈی بھیجے۔ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 13 طیارے امداد کراچی، راولپنڈی بھیجی۔چین اور قطر سے 4، 4 امدادی طیارے پاکستان آئے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب، عمان سے متاثرین سیلاب کے لیے امداد لے کر 2، 2 طیارے پاکستان پہنچ چکے۔ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، اردن، نیپال، برطانیہ سے ایک ایک امدادی طیارہ پاکستان پہنچا جبکہ یونیسف نے 2، اقوام متحدہ ادارہ مہاجرین نے 13، عالمی ادارہ خوراک نے 3 امدادی طیارے بھیجے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button