پاکستانی خبریں

لاہور میں قاتل ڈور کا ایک اور وار، غریب گھرانے کا سہارا چھین لیا

خلیج اردو
لاہور: مزنگ کے علاقے میں قاتل ڈور نے 21 سالہ نوجوان نعمان یوسف کی جان لے لی۔ نعمان میڈیکل اسٹور پر کام کرتا تھا اور والدہ کے ٹیسٹ کے لیے جلدی چھٹی لے کر گھر جا رہا تھا کہ راستے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

نعمان اپنے والدین کا واحد سہارا تھا، والد دل کے مریض ہیں جبکہ والدہ برین ٹیومر میں مبتلا ہیں۔ نوجوان ماں باپ کے علاج کے لیے دو نوکریاں کر کے گھر کا خرچ چلاتا تھا۔

واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دوسری جانب کالاشاہ کاکو میں بھی ایک نوجوان علی رضا گردن پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

شہر میں ایک طرف بسنت منانے کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ دوسری جانب قاتل ڈور انسانی زندگیاں نگلنے لگی ہے۔ انتظامیہ کے محفوظ بسنت پلان پر سوالات اٹھ گئے ہیں، پولیس اور انتظامیہ کی نرمی کے باعث پتنگ اور ڈور فروش سرگرم ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب پہلے ہی احکامات جاری کر چکی ہیں کہ جس علاقے میں ڈور سے کوئی واقعہ پیش آیا، وہاں کا متعلقہ ایس ایچ او معطل کیا جائے گا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button