
خلیج اردو
دیپالپور میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ دیگر جگہوں پر سیلاب آئے تو رونا دھونا شروع ہوجاتا ہے، لیکن میں نے دنیا کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے اور کسی سے پیسے نہیں مانگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کا کام اپنے بجٹ سے کیا، حکومت کا پیسہ اگر عوام کے کام نہ آئے تو پھر کس کام کا؟
مریم نواز نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہر موقع پر حوصلہ بڑھایا اور شاباش دی۔ ان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے بہت محنت کی، جس پر میں نے جواب دیا کہ یہ سب میں نے آپ اور نواز شریف سے سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین چار ماہ کی مسلسل بارشوں سے شہر اور دیہات ڈوب گئے، اور جب میں وہ مناظر یاد کرتی ہوں تو دل دہل جاتا ہے۔ آج سے باقاعدہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا آغاز ہورہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کوئی احسان نہیں بلکہ اپنا فرض ادا کیا ہے، پندرہ اضلاع میں آج سے سیلاب متاثرین کو چیک ملیں گے۔







