پاکستانی خبریں

ایران پر اسرائیلی حملے کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں شدید مذمت، متفقہ قراردادیں منظور

خلیج اردو
اسلام آباد: قومی اسمبلی اور سینیٹ نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الگ الگ قراردادوں کی متفقہ منظوری دی ہے۔ قومی اسمبلی میں قرارداد وزیرِ دفاع نوید قمر نے پیش کی، جس میں حملے کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

قرارداد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے پاکستان سمیت مسلم دنیا کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ اسرائیل کو نہیں روکیں گے، اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو کر اسرائیل کو روکے۔

سینیٹ نے بھی اسرائیل کے ایران پر حملے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ سینیٹ کی قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل کا حملہ اقوامِ متحدہ کے بنیادی اصولوں، بین الاقوامی قوانین اور عالمی امن کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔ ایوان نے اسرائیل کو مسلمانوں کا قاتل قرار دیتے ہوئے فلسطین، ایران اور پوری مسلم امہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

قرارداد کے مطابق ایوان ایران کی جوابی کارروائی کو مکمل طور پر سپورٹ کرتا ہے اور اسے اپنے دفاع کا حق دار سمجھتا ہے۔ سینیٹ نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ کئی دہائیوں سے فلسطین سمیت دنیا بھر میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل میں ملوث ہے، اور غزہ میں معصوم بچوں اور عام شہریوں کی ہلاکت کی پوری دنیا گواہ ہے۔

دونوں ایوانوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے، اسے روکے اور عالمی قوانین کا تحفظ یقینی بنائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button