پاکستانی خبریں

پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت ہماری اولین ترجیح ہے اور جب بھی ملک کی بات ہوگی تو ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں،قومی قیادت ہندوستان کے خلاف یک زبان، بھارتی الزامات مسترد

خلیج اردو
اسلام آباد: سینیٹ میں بھارت کے خلاف ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیش قرارداد میں کہا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی دہشت گردی کا احتساب کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حکومت بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہے اور پاکستان کی دفاعی تیاریوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر طرح کی جارحیت کے لیے تیار ہے اور پاکستان ایٹمی طاقت ہے، اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ویسا ہی جواب ملے گا جیسا ماضی میں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی مہم جوئی کی گئی تو اب پہلے سے بھی سخت جواب دیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کی لیکن کہا کہ بھارت نے اپنے روایتی انداز میں پاکستان پر الزام لگایا۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر سب سے پہلے حملہ کیا ہے، جسے یکطرفہ معطل نہیں کیا جا سکتا۔ معاہدے میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اس کو ختم کرنے کے لیے دونوں طرف کا اتفاق رائے ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگی کی لائن ہے اور آئندہ جنگیں پانی کے مسئلے پر ہو سکتی ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی نے متفقہ طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنگ کے مترادف قرار دیا اور اس کے جواب میں تمام معاہدوں کو معطل کرنے کی تجویز دی۔

اس کے علاوہ، بھارت نے سارک ویزوں کو منسوخ کر دیا ہے جس کے جواب میں پاکستان نے سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے موقع کی تلاش میں رہتا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دیتا ہے، جیسے کہ کلبھوشن یادیو ایک مثال ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ دشمن کی کسی بات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کو ہمیشہ اپنی سلامتی کا تحفظ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے اور اس کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پہلگام واقعہ قابل مذمت ہے اور بھارت خود دہشت گردوں کو سپانسر کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت الٹا چور کوتوال کو ڈانٹ رہا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مل کر بھارت کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان پر بھارتی الزامات افسوسناک ہیں۔

ایمل ولی نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت ہماری اولین ترجیح ہے اور جب بھی ملک کی بات ہوگی تو ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کو مبارکباد دی، جنہوں نے نہروں کے معاملے میں کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button