
خلیج اردو
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے نومنتخب اراکینِ اسمبلی سے خطاب میں ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ صرف بانی پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ انہیں اقتدار میں لانے والوں سے بھی مکمل حساب لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے اور قوم حقائق جاننے کی حقدار ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے کارکردگی کو ووٹ دیا، نفرت، فساد اور فتنے کو شکست ہوئی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ہری پور انتخابات میں بائیکاٹ کا دعویٰ کیسا تھا، ایوب خان کی بہو نے حصہ لیا، جبکہ دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک کی جو حالت کی، اس کا خمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ ن لیگ کے جانے کے بعد ملک میں تباہی ہوئی، معیشت کا ستیاناس کر دیا گیا۔ اگر ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج آئی ایم ایف کی فکر نہ ہوتی۔ 2018 سے 2022 تک جو کچھ ہوا، اس کے ذمہ دار ہم نہیں، انہوں نے فیصلے غیروں کے ہاتھ میں دیے، ہم نے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، پاکستان دوبارہ ٹیک آف کر چکا ہے اور اب اسے مزید اوپر لے جانا ہے۔ نواز شریف نے شہباز شریف اور مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں خدمت اور کام میں ان سے بھی آگے نکل گئے ہیں، شہباز شریف بڑا محبت کرنے والا اور محنتی انسان ہے۔






