پاکستانی خبریں

اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 19 دہشتگرد ہلاک، دو فوجی افسروں سمیت 11 جوان شہید

خلیج اردو
راولپنڈی: اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے انیس دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔

فوج کے ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیاب راحت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالب فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سرچ اینڈ سینیٹائزیشن مہم جاری ہے تاکہ مزید دہشتگردوں کا صفایا کیا جا سکے۔ پاک فوج نے عزم دہرایا کہ بھارتی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button