
خلیج اردو
کراچی: پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز نے باہمی رضا مندی سے آئندہ دوطرفہ سیریز میں ون ڈے میچز ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں بورڈز نے یہ فیصلہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم نے مئی میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا، جہاں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول تھی، تاہم اب سیریز کے فارمیٹ میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ کے لیے تیاریوں کو مؤثر بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑی زیادہ سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل کر عالمی ایونٹ کے لیے خود کو تیار کر سکیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان اس فیصلے پر مکمل اتفاق پایا گیا، اور جلد ہی نئے شیڈول کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔