
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان نے غزہ کے محصور عوام کے لیے انسانی امداد کی 18ویں کھیپ روانہ کر دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان میں خشک راشن، تیار کھانے اور ادویات شامل ہیں، جو غزہ میں متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فراہم کیے گئے ہیں۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور باور کرایا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان، فلسطین میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار ریاست کے قیام کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان ہر سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔






