
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف ایک مؤثر آواز بن کر سامنے آیا ہے، جبکہ ہماری خارجہ پالیسی ایک نئے اور متوازن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
سیمینار سے خطاب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔ امریکہ، چین، سعودی عرب اور دبئی کے ساتھ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مثالی قرار دیے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان اور چین سی پیک فیز تھری کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔






