
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت کی کوششوں کے باوجود پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 2 ارب 3 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کی امید ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں توسیعی سہولت پروگرام (ای ایف ایف) کے تحت ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری کا بھی امکان ہے۔
قرض پروگرام کا دورانیہ 37 ماہ اور مالیاتی حجم 7 ارب ڈالر ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کو اس پروگرام کے تحت 27 ستمبر کو ایک ارب 2 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوئی تھی۔
دوسری جانب نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد 14 مئی کو پاکستان پہنچے گا اور یہاں 10 روز تک قیام کرے گا۔ وفد کو بجٹ اہداف، محصولات اور ٹیکس پالیسیوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس ہدف 14 ہزار 200 ارب روپے تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ٹیکس ریلیف اقدامات بھی بات چیت کا حصہ ہوں گے۔






