
خلیج اردو
اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک غیر ملکی نیوز چینل کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ تناؤ کے تناظر میں بھارت کو آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی تاہم بھارت نے اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی فائرنگ صرف ان بھارتی چوکیوں تک محدود ہے جہاں سے پاکستان کی حدود میں گولہ باری کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی قسم کے بڑے حملے، ڈرونز یا راکٹ فائر نہیں کر رہا بلکہ صرف دفاعی ردعمل دے رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور یہ مؤقف عالمی برادری کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کچھ دیر بعد عالمی میڈیا کو ایک اہم بریفنگ دی جائے گی جس میں موجودہ صورت حال کے بارے میں حقائق بیان کیے جائیں گے۔ اس اہم پریس کانفرنس میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔






