
خلیج اردو
اسلام آباد — ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوجی حکمت عملی کو مستقبل میں عسکری اداروں میں بطور مثال پڑھایا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے دشمن کے 26 اہداف منتخب کیے اور تمام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے صرف سچ پر مبنی بیانیہ اپنایا، کسی بھی معاملے میں جھوٹ کا سہارا نہیں لیا اور حقائق کو مسخ نہیں کیا، جب کہ اس کے برعکس بھارتی حکومت اور میڈیا آج بھی فرضی کہانیاں گھڑ رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے گولڈن ٹیمپل پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا پاکستانی اقدار اور دین کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم فولادی دیوار بن کر کھڑی رہی۔
انہوں نے بھارت کے بھاری دفاعی بجٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس 80 ارب ڈالر کا بجٹ نہیں، مگر ہم نے انتہائی محدود وسائل میں رہتے ہوئے نہ صرف دفاع کیا بلکہ جے ایف-17 تھنڈر اور مقامی طور پر تیار کردہ میزائلوں کا کامیاب استعمال کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔






