پاکستانی خبریں

پشاور: سہیل آفریدی نے فنڈز بروقت جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کی بحالی اور جیلوں میں اصلاحات پر زور دے دیا

خلیج اردو
پشاور، 20 اکتوبر 2025
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق کو ہماری قربانیوں کا احساس کرتے ہوئے صوبے کے فنڈز بروقت جاری کرنے چاہئیں تاکہ پولیس کو مضبوط بنایا جا سکے اور دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ ممکن ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ہمیں ہمارے فنڈز ملیں گے تب تک ہم صوبائی پولیس کی استعدادِ کار بڑھا سکیں گے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پولیس کسی کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنائے گی اور پولیس میں سیاسی مداخلت ہر صورت قبول نہیں۔ انہوں نے اصرار کیا کہ ذاتی انتقام یا سیاسی مقاصد کے لیے کسی کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کی جائے اور کسی بھی طالب علم پر ایف آئی آر درج نہ کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کے خلاف عوامی شکایات بھی نہیں آنی چاہئیں، اور اگر شکایات آئیں تو ان کا شفاف طریقے سے ازالہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے پی پولیس کا حال کسی صورت پنجاب پولیس جیسا نہیں ہونا چاہیے اور جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی ہاوسنگ سوسائٹیز میں پولیس اور میڈیا کے لیے الگ انکلیوز کے قیام کی بھی حمایت کی تاکہ ان کے کام میں سہولت اور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ کی طرف سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کو ناقص اور پرانے قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پختونخوا پولیس کی تضحیک ہے اور ان گاڑیوں کو واپس کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابقہ وزرائے اعلیٰ سے لی گئی سکیورٹی واپس کی جائے تاکہ ان کا تحفظ اور تکریم یقینی بن سکے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس مضبوط ہوگی تو عوام کا تحفظ بہتر ہوگا اور صوبہ امن و امان کی راہ پر گامزن رہے گا۔

Peshawar: Saahil Afridi urges timely release of funds for strengthening police

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button