اسلام آباد :(خلیج اردو ) وزیراعظم عمران خان نے افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔۔ بات چیت اور سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔۔
پاکستان کے وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کے درمیان پاک افغان تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے پاک افغانستان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مذہب، ثقافت، مشترکہ تاریخ اور لوگوں کے مابین برادرانہ تعلقات پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغان رہنماؤں کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے سیاسی تصفیے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
مسٹر خان نے کہا کہ پاکستان جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا منتظر ہے۔
عمران خان نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے لیے بطور قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ کونسل کامیابی کے ساتھ اپنے مقاصد کو حاصل کرے گی۔۔۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ کو جلد از جلد پاکستان آنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔






