پاکستانی خبریں

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کی اہم ملاقات، بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ سعودی وزیر اپنے ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے ہر کٹھن وقت میں سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے بھارت کے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی، جن سے کئی بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن کو خطرات لاحق ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اسے مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے سعودی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

سعودی وزیر مملکت نے جاں بحق افراد پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے اور وہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پاکستان و بھارت کے درمیان تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا خواہاں ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button