
خلیج اردو
اسلام آباد: 22 مئی، 2025
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیئرڈہ نے کی۔ وزیر اعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے عالمی بینک کی پاکستان میں ترقیاتی شراکت داری کو سراہا اور کہا کہ عالمی بینک نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کنٹری پارٹنرشپ کے تحت 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترقیاتی سرمایہ کاری پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان اس سرمایہ کاری کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے مؤثر عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اُنہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران لاکھوں افراد متاثر ہوئے، جن کی مدد میں عالمی بینک نے اہم کردار ادا کیا۔
عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تاریخی شراکت داری عوام کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معاشی کارکردگی، میکرو اکنامک استحکام اور عملی اصلاحات مثالی ہیں، جن سے پاکستان نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے۔
اینا بیئرڈہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت، ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا عالمی بینک کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے، اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو "پاکستان ماڈل” کہا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم کا عملی اقدامات پر زور اس پارٹنرشپ فریم ورک کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، مشیرِ وزیر اعظم ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمن، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بینحسین سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔







