خلیج اردو
اسلام آباد: دو دن کے اندر تحریک انصاف سے دوسرا استعفیٰ آگیا،سیکرٹری جنرل عمرایوب کے بعد جنید اکبر نے پارٹی قیادت سے اختلافات کے بعد کور کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا،،، میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کیلئے عارف علوی چیئرمین کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔
بانی تحریک انصاف تک رسائی حاصل نہیں اور نہ ہی پارٹی فیصلوں میں ان کا کوئی اختیار ہے، جنید اکبر نے شکوہ کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔ساتھ ہی واضح کیا کہ پی ٹی آئی ان کا گھر ہے، وہ نہ کسی گروپ کا حصہ ہیں اور نہ بنیں گے۔ جنید اکبر نےکہا کہ بدقسمتی یہی ہے کہ سارے فیصلوں کے بینیفشری یہی لوگ، ان کے خاندان کے افراد اور دوست ہیں۔
اس سے قبل عمر ایوب نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اور سنٹرل فنانس بورڈ کی چئیرمین شپ کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے ساتھ پارٹی سیکرٹری جنرل کے طور پر کام نہیں کرپارہا۔انھوں نے بانی پی ٹی آئی کے نام خط تحریر کر دیا۔ مستعفی ہونے کا خط ٹویٹ بھی کر دیا تھا۔
تاہم پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل استعفی مسترد کردیا ہے۔ حالیہ چند دنوں سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان شدید اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ شیر افضل اور سینیٹر شبلی فراز نے ایک دوسرے پر کڑی تنقید کی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر مملکت عارف علوی بھی پی ٹی آئی کی کمان سنبھالنے کو تیار ہو گئے۔ عارف علوی جلد چیئرمین تحریک انصاف کی حیثیت سے کمان سنبھالیں گے۔