
خلیج اردو
سعودی عرب نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نواز دیا۔ خادمِ حرمین شریفین کے شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس کا اعزاز عطا کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی و عسکری تعاون اور اسٹریٹجک اشتراک پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزاز دفاعی تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے، جبکہ سعودی قیادت کی جانب سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزاز ملنے پر سعودی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا اور ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔






