
خلیج اردو
انقرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے دنیا کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے ترکیہ پہنچنے پر شاندار استقبال پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا اور صدر طیب اردوان کو ایک دور اندیش اور وژنری رہنما قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کے سیلاب کے دوران صدر اردوان نے پاکستان کا دورہ کر کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور بھرپور امداد فراہم کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے توانائی، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ترکیہ کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے غزہ میں پچاس ہزار معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، جبکہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی غیرمتزلزل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، شمالی قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے مؤقف کی بھی حمایت کرتا ہے۔
ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعلقات مضبوط دوستی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے اور ترکیہ ان کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
صدر اردوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دفاعی شعبے میں مل کر مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں اور عالمی معاملات پر پاکستان اور ترکیہ کے خیالات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔