
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے سندھ کے پانی پر کوئی ڈاکا نہیں ڈال سکتا، اور نہ ہی کوئی ایسی اسکیم کامیاب ہوگی جو صوبے کے مفادات کو نقصان پہنچائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے دن سے یقین تھا کہ متنازعہ نہریں نہیں بنیں گی۔
مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ صدر مملکت کی 8 جولائی کی میٹنگ ہو یا ایوانِ صدر کا کوئی ٹوئٹ، یہ سب ہمارے لیے تشویش کا باعث نہیں کیونکہ کسی بھی اسکیم کی منظوری صرف باہمی رضامندی سے ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی کالا باغ ڈیم یا ایسی کسی اسکیم کی حمایت نہیں کی جو سندھ کے مفادات کے خلاف ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مؤقف ہمیشہ کشمیر اور سندھ کے حق میں رہا۔ مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اہم اجلاس 2 مئی کو ہوگا جس میں سندھ کے پانی کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔







