
خلیج اردو
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں اور سیاسی قیادت کو اسی راستے کو اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی قومی ادارے پر انگلی اٹھائی جائے تو یہ ہمارے لیے باعثِ شرم اور انتہائی تکلیف دہ بات ہے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ایوان میں نہ پہلے ایسی بات کی اجازت دی ہے اور نہ آئندہ کبھی برداشت کی جائے گی جو مسلح افواج، عدلیہ یا ریاستِ پاکستان کے خلاف ہو۔
ایاز صادق نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے پاکستان کی عزت دنیا بھر میں اس مقام تک پہنچائی جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ، مگر اصل حقیقت یہ ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اور اسی سوچ کے تحت قومی اداروں کا احترام لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی آئیں گے تو وہ حکومت کے دوستوں سے درخواست کریں گے کہ انہیں سامنے بٹھایا جائے تاکہ بات چیت اور آگے بڑھنے کا عمل مثبت اور مؤثر ہو سکے۔ سپیکر نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے زیادہ اہم ملک کا استحکام ہے اور اسی لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔






