
خلیج اردو
سپریم کورٹ نے 6 پولیس اہلکاروں کے قتل کے کیس میں ملزمان کو بری کر دیا۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ کی سزائے موت کالعدم قرار دی گئی۔
سپریم کورٹ نے ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان ایف آئی آر میں نامزد نہیں تھے اور شناخت کا عمل مشکوک ہے۔ گواہان کا موقع پر موجود ہونا اور اس بڑے حملے میں کسی خراش کا نہ ہونا غیر فطری ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کی مشترکہ شناخت پریڈ قانونی طور پر ناقابلِ قبول اور غیر محفوظ تھی، اور شناخت پریڈ سے پہلے ہی ملزمان کی شناخت پولیس پر ظاہر ہو چکی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک کیس کی تفتیش کے دوران پنڈی گھیب واقعے کا اعتراف کیا تھا، جس میں وہ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
استغاثہ ملزمان کے خلاف ٹھوس اور آزادانہ شہادتیں پیش کرنے میں ناکام رہا۔ واقعہ یکم مئی 2011 کو پنڈی گھیب میں پیش آیا تھا۔






