پاکستانی خبریں

ٹی ایل پی کے تمام اکاؤنٹس منجمد، فنانسنگ بند، 3800 فنانسرز کی نشاندہی

خلیج اردو
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں اور تنظیم کی فنانسنگ روک دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی امداد دینے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کیے جائیں گے جبکہ تنظیم پر پابندی سے متعلق فیصلہ جلد سامنے آئے گا۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے 3800 فنانسرز کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ تحریک کے ہیڈکوارٹر کے اردگرد درجنوں بے نامی جائیدادیں خریدی گئی تھیں، جبکہ سعد رضوی کے گھر سے 69 برانڈڈ گھڑیاں، سونے کے کنگن، 12 بریسلیٹ، سونے کے ہار، چاندی کے تاج اور انگوٹھیاں برآمد ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی قبر ٹرانسفر نہیں ہو رہی، نہ ہی کسی مسجد کی شہادت کا سوال پیدا ہوتا ہے، یہ سب جھوٹا پروپیگنڈہ ہے۔ وزیر اطلاعات کے مطابق ٹی ایل پی کے احتجاج کے دوران لاشوں کے حوالے سے بھی غلط افواہیں پھیلائی گئیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پرتشدد احتجاج کے دوران 110 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، تین شہری جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے، جبکہ مریدکے میں 18 پولیس اہلکاروں کو گولیاں لگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعد رضوی خود مظاہرین کو پولیس پر تشدد کیلئے اکساتے رہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ٹی ایل پی نے فلسطین کے نام پر سادہ لوح عوام کو گمراہ کیا اور فساد کو اسلام سے جوڑنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو ایسے فسادات میں شامل ہونے سے روکیں جن کے نتائج خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button