پاکستانی خبریں

متحدہ عرب امارات علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا،یو اے ای کے سفیر کی وزیر اعظم شہباز شریف کو یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، علاقائی صورتحال، دہشتگردی اور اقتصادی تعاون پر گفتگو

خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں، اور پاکستان-یو اے ای برادرانہ تعلقات زیر بحث آئے۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے یو اے ای کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخی اور برادرانہ قرار دیا۔

پہلگام واقعے کے تناظر میں، وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی طویل جدوجہد، 90 ہزار سے زائد قربانیوں اور 152 ارب ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات پاکستان کی دہشتگردی مخالف کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے پہلگام واقعے سے متعلق ہندوستانی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس واقعے کی بین الاقوامی سطح پر شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کو اپنے مؤقف سے آگاہ کر رہا ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان کی حکومت اقتصادی استحکام پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جس میں یو اے ای سمیت برادر ممالک کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کبھی بھی ایسا کوئی اقدام نہیں کرے گا جو علاقائی امن کو خطرے میں ڈالے۔

وزیراعظم نے یو اے ای سمیت برادر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے پر آمادہ کریں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

یو اے ای کے سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button