
خلیج اردو
کلورکوٹ، 6 مارچ – پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بھکر کی تحصیل کلورکوٹ میں 40 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی چوری ہونے کے معاملے پر پولیس نے مبینہ طور پر گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
واقعہ سابق ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم کے گھر پیش آیا، جہاں ان کے لاہور سے آئے مہمان کی گھڑی چوری ہو گئی۔
چوری کے شبہے میں گھر میں کام کرنے والی لڑکی کو حراست میں لیا گیا، جس نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی۔
واقعے کے خلاف کلورکوٹ بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر دیا، جبکہ شہریوں نے بھی پولیس کے مبینہ تشدد پر احتجاج کیا۔ وکلا برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔






