
خلیج اردو
ٹمپا: عالمی شہرت یافتہ ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کے رکن ہلک ہوگن 71 سال کی عمر میں فلوریڈا کے شہر کلیئر واٹر میں انتقال کر گئے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمرجنسی میڈیکل ٹیموں کو ہوگن کے گھر کے باہر دیکھا گیا۔ ان کے منیجر نے لاس اینجلس کے مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ہلک ہوگن کی وفات کی تصدیق کی۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے بیان میں کہا کہ "ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کے رکن ہلک ہوگن کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا۔” بیان میں مزید کہا گیا کہ "ہلک ہوگن 1980 کی دہائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کو عالمی شہرت دلانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والی پاپ کلچر کی سب سے نمایاں شخصیات میں سے ایک تھے۔”
ریسلنگ کے ایک اور عظیم کھلاڑی اور ہلک ہوگن کے قریبی دوست رِک فلیئر نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں اپنے قریبی دوست کے انتقال کی خبر سن کر دنگ رہ گیا ہوں۔ ہلک میرے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے، یہاں تک کہ جب میں نے کبھی ان سے نہیں کہا۔ وہ میرے بیڈ سائیڈ پر دعا کے لیے آئے جب میں ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں تھا۔”
ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری بولیا تھا، 1980 کی دہائی میں ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن (WWF) کے ساتھ عالمی سطح پر شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ وہ حالیہ برسوں میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے مختلف پروگرامز میں بطور مہمان نمودار ہوتے رہے اور اپنی کمپنی "ریئل امریکن بیئر” کی تشہیر بھی کرتے رہے۔
ہلک ہوگن کی پیدائش ٹمپا میں ہوئی اور اپنی زندگی کے آخری ایام کلیئر واٹر، فلوریڈا میں گزارے







