
خلیج اردو
ایشیا کپ کے اہم گروپ میچ سے قبل آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ پاکستان کے خلاف یو اے ای کے میچ میں فرائض انجام دیں گے، حالانکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم کے مینیجر اور کپتان سے معافی مانگی اور اس واقعے کو غلط فہمی قرار دیا۔ آئی سی سی نے بھی اس معاملے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کے بعد پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا، جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے باضابطہ طور پر دو شکایات درج کرائی تھیں اور آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔
پاکستان نے احتجاجاً میچ کے بعد کی تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ اگر ان کے خدشات دور نہ کیے گئے تو وہ ٹورنامنٹ سے دستبرداری پر غور کریں گے۔
تناؤ اس وقت مزید بڑھ گیا جب پاکستان ٹیم یو اے ای کے خلاف میچ کے لیے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی اور ٹاس سے صرف کچھ دیر قبل ہوٹل سے روانہ ہوئی۔
تاہم آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے پائی کرافٹ کو ہی میچ ریفری برقرار رکھا۔






