خلیج اردو: متحدہ عرب امارات – بھارت جامع اقتصادی شراکت داری( سی ای پی اے) کے معاہدے پر دستخطوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں دو اہم تقاریب کا انعقاد کیا گیا،،جن میں وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے دوطرفہ تعلقات کے اس سنگ میل کی اہمیت کو اجاگرکیا۔
ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی سے گزشتہ روز فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی ،وفد میں 100 سے زائد برآمد کنندگان، اسٹارٹ اپس اور کاروباری مالکان شامل تھے۔
بھارتی وفد سی ای پی اے کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت اور مارکیٹ جائزہ لینے، خریداروں سے ملاقات اور ممکنہ نئے صارفین کی تلاش کے لیے چار روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پر آیا تھا۔
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر الزیودی نے گزشتہ صدی میں بھارت کے معاشی عزائم کو پورا کرنے میں مدد اور گزشتہ سال سی ای پی اے کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں فیڈریشن کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ "یو اے ای -بھارت جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ اس سفر کا ایک اور قدم ہے جس کا آغاز سب سے پہلے 1971 میں ایک متحد، خود مختار ملک کے طور پر ہماری بنیاد کے ساتھ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل ذکر ہے کہ ہم دونوں کس حد تک پہنچے ہیں۔ میرے ذہن میں، اس جدید، لچکدار اور باہمی طور پر فائدہ مند معاہدے سے بہتر بین الاقوامی تعاون کا کوئی نمونہ نہیں ہے۔
تقریب میں یو اے ای میں بھارت کے سفیرسنجے سدھیر نے اظہارخیال کرتے ہوئے سی ای پی اے کی سالگرہ کو دوطرفہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا،انہوں نے کہا کہ یہ واقعی ہمارے تعلقات کا سنہری دور ہے، جو گزشتہ نصف صدی کے دوران متعدد طریقوں سے آگے بڑھتے رہے ہیں، سی ای پی اے نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ہماری معیشتیں ایک دوسرے کے لیے کتنی اہم ہیں، اور ہم ایک دوسرے کے لیے حوصلہ افزائی، مدد اور مواقع کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ای پی اے کے مثبت اثرات پہلے ہی سامنے آرہے ہیں لیکن یہ واضح ہے کہ ہم اس دلچسپ نئے باب کے بالکل آغاز میں ہیں۔
ایف آئی سی سی آئی کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نرنکر سکسینہ نے بھارتی کاروباری برادری کے لیے متحدہ عرب امارات کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دیرینہ اور گہرے تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں، جن میں جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے نے اب ایک اہم نئی جہت کا اضافہ کیا ہے۔ اس نے پہلے ہی دلچسپ نئے مواقع کے دروازے کھول دیے ہیں اور دونوں ممالک کے نجی شعبے کو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر اختراعات اور توسیع کےمواقع مل رہے ہیں۔
بعد ازاں ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے دبئی میں یو اے ای-انڈیا بزنس کونسل کے یو اے ای چیپٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔