
خلیج اردو: اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ آل عبداللہ نے ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی سرپرستی میں 2022 کا زاید ایوارڈ برائے انسانی بھائی چارہ حاصل کیا۔ وزیر خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان اور اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی کی موجودگی میں یہ ایوارڈ ابوظبی میں فاؤنڈرز میموریل میں انسانی برادری کی اعلیٰ کمیٹی کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ انسانی بھائی چارے، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے ان کی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ یہ ایوارڈ ہیٹی کی انسانی تنظیم فوکل کو بھی دیا گیا۔ تقریب میں ورچول طور پر شرکت کرتے ہوئےجامعہ الازہر کے امام شیخ احمد الطیب اور پوپ فرانسس نے انہیں مبارکباد پیش کی اور انہیں بھائی چارے اور بقائے باہمی کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے امتیازی سلوک کے خلاف جنگ اور نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف مذہبی روایات کے درمیان بقائے باہمی اور مکالمے کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے انکے عزم کی تعریف کی۔ انسانی برادری کی اعلیٰ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل محمد عبدالسلام نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس ایوارڈ کا اہتمام انسانی برادری کی اعلیٰ کمیٹی نے کیا۔ یہ ایک آزاد بین الاقوامی کمیٹی ہے جو دنیا بھر کے معاشروں میں انسانی بھائی چارے کی اقدار کو فروغ دینے اور انسانی برادری سے متعلق دستاویز جس پر جامعہ الازہر کے امام شیخ احمد الطیب اور پوپ فرانسس نے2019 میں ابوظبی میں دستخط کیے تھےکے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ انسانی برادری کی اعلیٰ کمیٹی کے اراکین اور ایوارڈ کی ججنگ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ کئی اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی






