
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی امارات ایئرلائن اور دبئی ڈیوٹی فری نے کریپٹو ڈاٹ کام کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت مسافر جلد کریپٹو کرنسی کے ذریعے ہوائی ٹکٹوں کی خریداری اور شاپنگ کر سکیں گے۔
یہ نظام 2025 کے دوران فعال کیے جانے کی توقع ہے۔
امارات ایئرلائن کے ڈپٹی صدر اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے کہا:
"کریپٹو ڈاٹ کام کے ساتھ شراکت داری، ہمارے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں کریپٹو کرنسی کے انضمام کا حصہ ہے، جو نہ صرف بدلتی ہوئی صارفین کی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے بلکہ نوجوان، ٹیکنالوجی سے جڑے صارفین کو بھی متوجہ کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت سے مسافروں کو مزید لچک اور انتخاب کی آزادی حاصل ہو گی کہ وہ کس طرح امارات ایئرلائن کے ساتھ لین دین کریں۔
کریپٹو ڈاٹ کام کے صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ایرک انزیانی کا کہنا تھا:
"ایمریٹس جیسے قابلِ اعتماد شراکت دار کے ساتھ کریپٹو کا انضمام نہ صرف صنعت میں نئی توانائی پیدا کرے گا بلکہ صارفین کے لیے جدید مالیاتی حل بھی فراہم کرے گا۔”
دبئی ڈیوٹی فری بھی کریپٹو کی جانب
دبئی ڈیوٹی فری نے بھی کریپٹو ڈاٹ کام کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ اسٹور اور آن لائن دونوں پلیٹ فارمز پر کریپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دی جا سکے۔
منیجنگ ڈائریکٹر رمیش سدامبی کے مطابق:
"دنیا بھر سے آنے والے مسافروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، کریپٹو کرنسی جیسی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو اپنانا ایک دوراندیش اقدام ہے جو ہمارے صارفین کے لیے قدر میں اضافہ کرے گا اور ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔”
دونوں ادارے مشترکہ مارکیٹنگ مہمات، صارفین سے تعلق مضبوط بنانے کے پروگراموں اور اسٹریٹجک اشتراک کے ذریعے کریپٹو کرنسی کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔
موجودہ رجحان اور معیشت
دبئی ڈیوٹی فری نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 4.118 ارب درہم کا ٹرن اوور ریکارڈ کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.34 فیصد اضافہ ہے۔
یو اے ای میں پہلے ہی کئی رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز نے کریپٹو کرنسی کو ادائیگی کے طور پر قبول کرنا شروع کر دیا ہے، جو اس بڑھتے رجحان کا واضح ثبوت ہے۔







