
**خلیج اردو**
دبئی: دبئی کا مشہور تفریحی مقام *گلوبل ولیج* آج 15 اکتوبر کو اپنے دروازے کھول رہا ہے، جس کے ساتھ یہ دنیا بھر کی رنگا رنگ ثقافتوں کو متحد کرنے کے 30 سال مکمل ہونے کا جشن بھی منا رہا ہے۔ اس موقع پر دبئی ہولڈنگ انٹرٹینمنٹ کے سی ای او فرنینڈو ایروآ نے نئے سیزن کے لیے شاندار منصوبوں کا انکشاف کیا۔
فرنینڈو ایروآ نے *گلف نیوز* سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ “گلوبل ولیج دبئی کی روح کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔ جس طرح یہ شہر مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کا مرکز ہے، گلوبل ولیج بھی ایک ایسی جگہ ہے جہاں چند گھنٹوں میں آپ 30 سے 40 مختلف ثقافتوں کا تجربہ کر سکتے ہیں۔”
ایروآ نے بتایا کہ انہوں نے دنیا بھر میں تفریحی مقامات کے قیام میں دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزارا، لیکن پہلی بار گلوبل ولیج کا دورہ ان کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ تھا۔ ان کے بقول، “یہ دنیا کے بہترین تفریحی مقامات میں سے ایک ہے، اور اس سال ہم اسے اب تک کا سب سے شاندار سیزن بنانے جا رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اس 30 ویں سالگرہ کے موقع پر گلوبل ولیج پورے ملک اور ان تمام لوگوں کے لیے ایک خراجِ تحسین ہے جنہوں نے گزشتہ تین دہائیوں میں اس کے ساتھ محبت اور تعاون کیا۔
ایروآ کے مطابق گلوبل ولیج کی کامیابی کا راز اس کی *افورڈیبلٹی* ہے۔
انہوں نے کہا، “پورے ملک میں اس قیمت پر اتنی تفریح کہیں اور دستیاب نہیں۔ صرف 30 درہم میں لوگ گھنٹوں تفریح، موسیقی، ثقافتی شوز، فوڈ اور شاپنگ کا لطف اٹھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گلوبل ولیج عوامی پسندیدہ مقام بن گیا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سیزن میں گلوبل ولیج نے ساڑھے چھ ماہ کے عرصے میں 10.5 ملین سے زیادہ وزیٹرز کا خیرمقدم کیا، جو دبئی کی کامیاب تفریحی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
فرنینڈو ایروآ نے کہا کہ گلوبل ولیج اپنی کامیابی کا راز عوام کی رائے کو سمجھنے میں دیکھتا ہے۔
“میں خود گلوبل ولیج جاتا ہوں اور وزیٹرز سے بات کرتا ہوں تاکہ ہمیں پتا چلے کہ انہیں کیا پسند ہے اور کہاں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم ہر قومیت کے لوگوں کو نمایاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ سب کو لگے کہ یہ جگہ ان کے لیے ہے۔”
گزشتہ برسوں میں شاہ رخ خان، فواد خان، وانی کپور، اور باکسر مینی پکیاؤ جیسے بین الاقوامی ستارے بھی گلوبل ولیج کا حصہ بن چکے ہیں۔ ایروآ نے بتایا کہ “جب پکیاؤ آئے تو فلپائنی کمیونٹی بے حد خوش ہوئی، ہم یہی چاہتے ہیں کہ ہر کمیونٹی کے لوگ خوشی محسوس کریں۔”
انہوں نے اشارہ دیا کہ اس سال بھی عالمی شہرت یافتہ شخصیات گلوبل ولیج میں جلوہ گر ہوں گی، تاہم ناموں کا اعلان افتتاحی دن پر کیا جائے گا۔
سی ای او کے مطابق اس سال سیزن کو ممکنہ طور پر مزید بڑھایا جائے گا تاکہ موسمِ سرما کی تفریح زیادہ دیر تک جاری رہے۔ ان کے مطابق گلوبل ولیج دبئی کی پہچان بن چکا ہے، جو جرات، شمولیت اور امکانات کی علامت ہے۔
“یہ وہ جگہ ہے جہاں لوگ بار بار آنا پسند کرتے ہیں، اور یہی اصل کامیابی ہے۔”
*







