
خلیج اردو
ابوظہبی، 31 دسمبر 2023
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے منی لانڈرنگ کے انسداد سے متعلق قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر سندس ایکسچینج کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے اور کمپنی پر 10 ملین درہم (ایک کروڑ درہم) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ کمپنی کا نام ملک میں رجسٹرڈ لائسنس یافتہ ایکسچینج ہاؤسز کی فہرست سے بھی خارج کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی وفاقی فرمانی قانون نمبر (20) سال 2018 کی شق (14) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جو کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشتگردی و غیر قانونی تنظیموں کی مالی معاونت کے انسداد سے متعلق ہے۔ مذکورہ قانون میں بعد ازاں کئی ترامیم بھی کی گئی تھیں جنہیں اس فیصلے میں مدنظر رکھا گیا۔
مرکزی بینک کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ سندس ایکسچینج نے منی لانڈرنگ سے بچاؤ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے متعین ضوابط اور فریم ورکس پر عملدرآمد نہیں کیا۔ ان سنگین خلاف ورزیوں کے باعث CBUAE نے کارروائی کرتے ہوئے ملکی مالیاتی نظام کی شفافیت اور ساکھ کو محفوظ بنانے کے لیے لائسنس منسوخ کرنے اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
یو اے ای مرکزی بینک نے اپنی نگرانی اور ضابطہ سازی کی ذمہ داریوں کے تحت ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں تمام رجسٹرڈ ایکسچینج ہاؤسز، ان کے مالکان اور عملہ، مکمل طور پر ملکی قوانین اور مرکزی بینک کے مقرر کردہ ضوابط کی پاسداری کریں۔
یہ اقدام اس وسیع تر کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد مالیاتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا اور غیر قانونی سرگرمیوں سے یو اے ای کی مالیاتی انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھنا ہے۔







