
خلیج اردو
شارجہ پولیس نے ایک منظم سائبر فراڈ نیٹ ورک کو پکڑ کر 13 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے جو جعلی کرایہ داری کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے میں ملوث تھے۔ ملزمان آن لائن پراپرٹی اشتہارات کے ذریعے متاثرین کو پھنساتے، ملاقاتیں طے کرتے اور جعلی معاہدوں پر دستخط کرا کے رقم وصول کرنے کے بعد بیرون ملک منتقل کر دیتے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ نیٹ ورک سات بڑے مراکز کے ذریعے چلایا جا رہا تھا جہاں جعلی اشتہارات، سائیٹ وزٹ کا اہتمام، ٹوکن کیش وصولی اور جعلی معاہدوں کے بعد غائب ہو جانا معمول تھا۔ تحقیقات ایک متاثرہ خاتون کی شکایت کے بعد شروع کی گئیں جنہوں نے جعلی رئیل اسٹیٹ اشتہار پر بھروسہ کرتے ہوئے رقم ادا کی اور معاہدے پر دستخط کیے مگر بعد ازاں ملزمان نے رابطہ منقطع کر دیا۔
کلونل ڈاکٹر خلیفہ بلحی، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف انویسٹی گیشنز اینڈ کرمنل انویسٹی گیشنز نے بتایا کہ ملزمان ہر واردات کے بعد فون نمبر تبدیل کر کے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کرتے تھے، تاہم پولیس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور جدید تجزیاتی مہارت نے ان کی سرگرمیوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر جنرل کرمنل سکیورٹی اینڈ پورٹس، کرنل عمر احمد بوالزود نے کہا کہ ملزمان گروہ میں واضح کرداروں کے تحت کام کر رہے تھے۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی کا سہرا شارجہ پولیس کی تفتیشی ٹیموں کی مہارت، تجربے اور جدید ٹیکنالوجی کو قرار دیا۔
شارجہ پولیس نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ کسی بھی رئیل اسٹیٹ اشتہار یا مالک مکان کی ساکھ کی مکمل تصدیق کے بغیر رقم منتقل نہ کریں اور نہ ہی معاہدے پر دستخط کریں۔ حکام کے مطابق کمیونٹی آگاہی ہی اس طرح کے جرائم کے خلاف پہلی حفاظتی ڈھال ہے۔







