
خلیج اردو
دبئی نے سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے آئندہ 100 سال تک کے لیے ایک عظیم الشان ڈرینیج منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ دبئی میونسپلٹی نے اعلان کیا ہے کہ گہرے سرنگی ڈرینیج منصوبے پر فوری عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے جو امارات کے طویل المدتی انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی تحفظ کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
یہ اعلان محمد بن راشد لیڈرشپ فورم 2025 کے دوران کیا گیا جہاں دبئی میونسپلٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل انجینئر مروان بن غلیطہ نے کہا کہ اپریل 2024 کی شدید بارشوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ دبئی کو طویل المیعاد اور جدید ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق یہ بارش ایک چیلنج ضرور تھی مگر اس نے دبئی کو ایسے منصوبے شروع کرنے پر مجبور کیا جو آنے والی نسلوں کے لیے شہر کو مزید محفوظ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کسی بھی ڈرینیج سسٹم کو اس غیرمعمولی بارش سے مشکلات پیش آتیں، تاہم اس تجربے نے دبئی کو اپنے طویل عرصے سے زیر غور منصوبے کو فوری طور پر عملی جامہ پہنانے کا موقع دیا۔
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والا یہ فورم، جو شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں منعقد ہوا، دنیا بھر کے سرکاری و نجی شعبے کے ایک ہزار رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا۔
گہرے سرنگی ڈرینیج منصوبہ دبئی کے سب سے بڑے انفراسٹرکچر پراجیکٹس میں شمار کیا جا رہا ہے جس کی آپریشنل مدت 100 سال کے لیے مقرر ہے۔ انجینئر بن غلیطہ نے کہا کہ اس منصوبے کی ڈیزائننگ اور عمل درآمد نجی شعبے کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے نجی و سرکاری اداروں کی شراکت سے یہ منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دبئی کی سب سے بڑی طاقت اس کی "برانڈ ویلیو” ہے، جس کی وجہ سے دنیا کی بڑی کمپنیاں اس منصوبے میں تعاون کرنے پر تیار ہیں۔
دبئی میونسپلٹی جدید جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی شہر کو آئندہ موسمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہی ہے۔ اس ٹیم نے دبئی کے حساس علاقوں کی نشاندہی کے لیے جامع سمولیشنز مکمل کر لیے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں تیز اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
مزید برآں، میونسپلٹی نے بحران کے دوران مختلف سرکاری اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کو بنیادی ترجیح قرار دیا ہے تاکہ ایمرجنسی مینجمنٹ اور فیصلہ سازی بروقت اور درست انداز میں ممکن ہو سکے۔






