
بچے فطرت کی خوبصورت کا بہترین اظہار ہوتے ہیں۔ ان کی معصومیت ، چھوٹی چھوٹی شرارتیں اور ادائیں دیکھ کر والدین ان پر صدقے واری جاتے ہیں اور اپنی روزمرہ کی پریشانیاں اور مصائب بھی بھول جاتے ہیں۔ والدین کے لیے اولاد سے بڑی نعمت کوئی نہیں ہوتی، جس کی پرورش اور خاطر داری میں وہ کوئی کسر نہیں چھوڑتے ۔
پر کئی والدین ایسے ہوتے ہیں جن کے آنگن کی یہ ننھی مُنی کلیاں وقت سے پہلے ہی مرجھا جاتی ہیں۔ ایسے والدین کی زندگی ساری عمر اذیت اور کرب میں گزرتی ہے۔ اسی نوعیت کا ایک واقعہ شارجہ میں بھی رونما ہوا ہے۔ جہاں ایک بچہ گھرمیں ہی حادثے کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا بیٹھا اور والدین خاصی دیر تک اس قیامت سے بے خبر رہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق شارجہ کے علاقے واسط میں 5 سالہ بچہ دم گھٹ جانے سے جاں بحق ہو گیا ہے۔
شارجہ پولیس کے مطابق ایک مقامی ولا میں مقیم عرب جوڑے کا بچہ گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا، جب اچانک وہ گیراج کے دروازے اور دیوار کے درمیان بُری طرح پھنس گیا، اور تھوڑی دیر بعد سانس گھٹنے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ صدمے سے نڈھال والدین نے بتایا کہ ان کا بچہ شام کے وقت گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا۔ خاصی دیر تک جب اس کی آواز سنائی نہ دی تو سب پریشان ہو گئے۔
اسے گھر کے علاوہ گلی میں بھی ڈھونڈا مگر کچھ پتا نہ چل سکا۔ جب بچے کو ڈھونڈنے کے لیے گیراج کی طرف گئے تو وہاں کا منظر دیکھ کر والدین کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ ان کا پیارا بچہ گیراج کے دروازے اور دیوار کے درمیان پھنسا ہوا بے حس و حرکت پڑا تھا۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے کی دیر تھی کہ چند منٹوں میں ہی ایمبولینس پہنچ گئی۔ بچے کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، تاہم ڈاکٹرز نے یہ افسوس ناک خبر سُنا دی کہ بچہ ہسپتال لائے جانے سے کافی پہلے زندگی سے ناتا توڑ چکا تھا۔ فارنزک لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق بچے کی موت آکسیجن کی کمی کے باعث ہوئی ہے۔ اس ناگہانی موت نے والدین کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ بچے کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیاہے۔







