خلیجی خبریںمتحدہ عرب اماراتپاکستانی خبریں

ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو دورۂ پاکستان کے دوران نشان پاکستان سے نوازا جائے گا

خلیج اردو
اسلام آباد : سفارتی ذرائع کے مطابق ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو ان کے ایک روزہ دورۂ پاکستان کے دوران ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ‘نشان پاکستان’ سے نوازا جائے گا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات شرکت کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات بھی متوقع ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مزید دروازے کھلیں گے۔

ابو ظہبی کے ولی عہد نہ صرف ابو ظہبی کی سپریم کونسل برائے مالیاتی و اقتصادی امور کے رکن ہیں بلکہ وہ ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ADNOC) کے بورڈ ممبر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ ابو ظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ ماضی میں نیشنل سیکیورٹی کے سربراہ اور ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

مارچ 2023 میں انہیں ابو ظہبی کا ولی عہد اور ابو ظہبی ایگزیکٹو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، جس کے بعد سے وہ متحدہ عرب امارات میں کئی کلیدی پالیسی فیصلوں کا حصہ رہے ہیں۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کا دورہ پاکستان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کو فروغ ملنے کی توقع ہے، جو خطے میں اقتصادی استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button