متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں ای311 روڈ پر کم از کم رفتار کی پابندی ختم

خلیج اردو
ابوظبہی: ابوظبی نے شیخ محمد بن راشد روڈ (ای311) پر 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی کم از کم رفتار کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ابوظبی موبیلیٹی نے پیر کو بتایا کہ یہ اقدام سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور خاص طور پر بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اب ڈرائیورز کو E311 پر 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی کم از کم رفتار کی پابندی نہیں کرنا ہو گی۔ اس فیصلے سے توقع ہے کہ روڈ پر سفر مزید محفوظ اور آسان ہو جائے گا۔ پیر کی دوپہر شہریوں نے مشاہدہ کیا کہ اس شاہراہ پر موجود کم از کم رفتار کے سائن بورڈ ہٹا دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اپریل 2023 میں ابوظبی نے E311 روڈ پر کم از کم رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ متعارف کروائی تھی، جبکہ زیادہ سے زیادہ رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی تھی۔ یہ کم از کم رفتار بائیں جانب کی پہلی اور دوسری لینز پر نافذ تھی۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو "سڑک کی متعین کردہ کم از کم رفتار سے کم رفتار پر گاڑی چلانے” کے جرم میں 400 درہم کا جرمانہ کیا جاتا تھا۔

متعدد شہریوں نے اس قانون پر اعتراضات اٹھائے تھے۔ ایک شہری جی سہانی نے بتایا کہ وہ قانون سے واقف تھے مگر ان کی گاڑی کے سامنے ایک فوجی قافلہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک کی رفتار سست تھی، اس کے باوجود انہیں جرمانہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس سے رابطہ کرنے کے باوجود جرمانہ ختم نہ کروا سکے اور اب اس قانون کے خاتمے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

ایک اور رہائشی اے پی نے کہا کہ انہیں اس وقت جرمانہ ہوا جب سڑک بہت مصروف تھی اور ان کے آگے موجود تمام گاڑیاں سست رفتاری سے چل رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں روزانہ اس سڑک سے دفتر جاتا ہوں، اور میں اس قانون کی منطق سمجھتا ہوں کہ لوگوں کو موبائل یا غفلت سے بچانے کے لیے یہ رفتار رکھی گئی تھی، لیکن جب تیز چلنا ممکن ہی نہ ہو تو اس کا نفاذ غیر منصفانہ تھا۔”

میک میک نامی ایک شہری نے بھی یہی مسئلہ بیان کیا کہ وہ بار بار “رفتار کی خلاف ورزی” پر جرمانے کا شکار ہوئے اور انہیں بعد میں پتا چلا کہ اصل میں کم از کم رفتار کی خلاف ورزی ہو رہی تھی۔

ابوظبی موبیلیٹی کے مطابق یہ فیصلہ سڑک کی حفاظت کو بہتر بنانے اور ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری کے لیے دیگر حالیہ اقدامات کا تسلسل ہے۔ حال ہی میں شیخ خلیفہ بن زاید انٹرنیشنل روڈ (E11) اور ابوظبی سویہان روڈ (E20) سمیت کئی شاہراہوں پر رفتار کی حد میں کمی کی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button