
خلیج اردو
ابوظہبی: گاڑیوں کے بہاؤ کو منظم کرنے کے لیے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سنٹر (ITC) نے اعلان کیا ہے کہ شیخ زاید بن سلطان اسٹریٹ کی جانب جانے والی سڑکوں پر اسمارٹ ٹریفک لائٹ ریمپ میٹرنگ سسٹم فعال کردیا گیا ہے۔
یہ جدید نظام سات اہم داخلی راستوں پر نصب کیا گیا ہے، جس سے ابوظہبی ان شہروں میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ حمد الغفیلی، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ITC نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ سسٹمز کی بدولت اب ہم حقیقی وقت میں ٹریفک کی کثافت کی نگرانی اور تجزیہ کرسکتے ہیں، جس سے گاڑیوں کے بہاؤ کو انتہائی درستگی کے ساتھ منظم کیا جاسکتا ہے۔ اس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، رش میں کمی آئے گی اور براہ راست معیارِ زندگی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کی پائیداری میں اضافہ ہوگا۔
یہ سسٹم سینسرز اور اسمارٹ اے آئی کیمروں پر مبنی ہے جو ٹریفک کی صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرتے ہیں۔ سگنلز کی ٹائمنگ خودکار طور پر ٹریفک کے دباؤ کے مطابق ایڈجسٹ ہوتی ہے، رش کے اوقات میں گاڑیوں کا داخلہ محدود جبکہ ہلکے اوقات میں زیادہ گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
یہ نظام درج ذیل داخلی راستوں پر لاگو کیا گیا ہے:
* شخبوت بن سلطان اسٹریٹ
* ظفیر اسٹریٹ
* حدبت الغبینہ اسٹریٹ (آؤٹ باؤنڈ)
* سلامہ بنت بطی اسٹریٹ
* الظفرہ اسٹریٹ
* ربدان اسٹریٹ
* ام یفینہ اسٹریٹ ایگزٹ (ان باؤنڈ)
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب شماریات مرکز ابوظہبی (SCAD) کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا کہ 2024 میں دارالحکومت کی آبادی میں 7.5 فیصد اضافہ ہوا اور کل آبادی 41 لاکھ 35 ہزار 985 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ دس سال میں ابوظہبی کی آبادی میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔







