
خلیج اردو
شارجہ: شارجہ کے ایک اپارٹمنٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی بھارتی خاتون اور اس کی ایک سال پانچ ماہ کی بیٹی کی تدفین اور میت کی منتقلی کی کارروائی مکمل کر لی گئی۔ خاتون کی لاش بھارت روانہ کر دی گئی ہے جبکہ کمسن بیٹی کو دبئی میں سپرد خاک کیا گیا۔
سماجی کارکن نحاس ہاشم کے مطابق خاتون کی میت 9 جولائی سے مردہ خانے میں موجود تھی، جسے منگل کی شام دبئی سے ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز کے ذریعے ترواننتاپورم روانہ کیا گیا۔ خاتون کی والدہ، جو بیٹی کی میت کے ساتھ بھارت واپس جانے کے لیے ویزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات آئی تھیں، اپنے بیٹے کے ہمراہ میت کے ساتھ روانہ ہوئیں۔
کمسن بیٹی کو دبئی کے سوناپور کے نئے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ میت کی منتقلی اور تدفین کے تمام انتظامات سماجی کارکن نحاس ہاشم اور سلام پاپینسری (سی ای او YAB لیگل سروسز) نے بھارتی قونصل خانے اور شارجہ انڈین ایسوسی ایشن کے تعاون سے مکمل کیے۔
ہاشم نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے دوران جائے وقوعہ سے ایک ہینڈ رائٹنگ نوٹ بھی ملا، جبکہ مقتولہ کی والدہ نے بھارت کیریلا میں کندورہ پولیس اسٹیشن میں شوہر اور اس کے خاندان کے خلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ بھی درج کرایا ہے۔
بھارتی قونصل خانے نے متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی اور انتظامی تعاون فراہم کیا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کو تیزی سے مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔







