متحدہ عرب امارات

انتہائی گرمی میں گاڑی چلانے سے پہلے احتیاط کریں: بچوں کو گاڑی میں نہ چھوڑیں، ٹائروں کی جانچ لازمی، آر ٹی اے کی مہم "حادثات سے پاک موسم گرما” جاری

خلیج اردو
دبئی، 5 جولائی – ملک میں گرمی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، ایسے میں دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی  نے جمعے کے روز ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسم گرما میں سڑکوں پر محفوظ رہنے کے لیے اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ جانچ اور مرمت یقینی بنائیں۔

آر ٹی اے نے وزارت داخلہ اور دبئی پولیس کے اشتراک سے سالانہ مہم "حادثات سے پاک موسم گرما” کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
آر ٹی اے کے ٹریفک اینڈ روڈز ایجنسی کے ڈائریکٹر احمد الخزیمی نے کہا:
"ہم تمام ڈرائیورز پر زور دیتے ہیں کہ وہ روانگی سے قبل ایک مختصر معائنہ ضرور کریں، جس میں ٹائروں کا دباؤ، انجن آئل، کولنٹ لیول اور گاڑی کے نیچے سے پانی یا تیل کا اخراج شامل ہو۔”

یہ فوری جانچ غیر متوقع گاڑی خراب ہونے کے امکانات کو کم کرتی ہے، جو نہ صرف حادثات کا سبب بن سکتی ہے بلکہ مجموعی سڑک کے تحفظ کو بھی متاثر کرتی ہے۔

ٹائروں پر خصوصی توجہ

حکام نے خبردار کیا ہے کہ گاڑی کے ٹائر واحد وہ حصہ ہوتے ہیں جو براہ راست سڑک سے جُڑے ہوتے ہیں، اور 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچتی گرمی میں پرانے اور خراب ٹائر پھٹ سکتے ہیں، جس سے شدید حادثات پیش آ سکتے ہیں۔

ابوظہبی حکام نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں خراب ٹائروں کے باعث ٹرک اور کاریں سڑک پر پھسل کر بیریئرز سے ٹکرا گئیں۔ ان گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور دوسروں کے لیے خطرہ بھی پیدا ہوا۔

پانچ سال پرانے ٹائر ممنوع

آر ٹی اے کے قوانین کے مطابق پانچ سال سے زائد پرانے ٹائر یو اے ای کی سڑکوں پر استعمال نہیں کیے جا سکتے۔
روڈ سیفٹی یو اے ای کے بانی تھامس ایڈلمان کے مطابق:
"گرمیوں میں سڑک کے کنارے ٹائر خراب ہونے والی گاڑیوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے، خاص طور پر کمرشل گاڑیوں کے ٹائروں کا ملبہ سڑکوں پر عام ہوتا ہے۔”

حل یہی ہے کہ ٹائر سیفٹی کے بارے میں مسلسل آگاہی دی جائے۔ ٹائر کی خریداری، تنصیب اور دیکھ بھال خصوصاً گرمیوں میں درست طریقے سے کی جائے۔

بچوں کو گاڑی میں چھوڑنا خطرناک

آر ٹی اے نے بچوں کو گاڑی میں تنہا چھوڑنے کے خلاف بھی سخت خبردار کیا ہے۔
"یہ عمل منٹوں میں دم گھٹنے اور موت کا باعث بن سکتا ہے،” الخزیمی نے کہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایئر کنڈیشن آن ہونے کے باوجود بند گاڑی میں گرمی سے بچاؤ ممکن نہیں۔
"والدین کسی بھی صورت میں اپنے بچوں کو گاڑی میں نہ چھوڑیں، چاہے کتنی ہی دیر کے لیے کیوں نہ ہو،” انہوں نے زور دیا۔

آر ٹی اے کی گرمیوں میں محفوظ ڈرائیونگ کے لیے تجاویز:

  • یقینی بنائیں کہ گاڑی کا اے سی مکمل طور پر درست اور موثر طریقے سے کام کر رہا ہو۔

  • انجن آئل اور کولنٹ لیول مناسب مقدار میں ہوں تاکہ انجن شدید گرمی میں اوورہیٹ نہ ہو۔

  • ٹائروں کا دباؤ مناسب ہو اور وہ اچھی حالت میں ہوں تاکہ پھٹنے کا خطرہ نہ ہو۔

  • بریک سسٹم صاف اور مکمل فعال ہو، پرزے خراب ہوں تو فوری تبدیل کریں۔

  • گاڑی کو صاف رکھیں، خاص طور پر ونڈ اسکرین، بیک اور سائیڈ شیشے اور ہیڈ لائٹس تاکہ ڈرائیونگ کے دوران واضح دیکھائی دے۔

  • گاڑی کو طویل وقت تک دھوپ میں پارک نہ کریں، ممکن ہو تو سائے میں پارک کریں تاکہ گاڑی کو شدید گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button