
خلیج اردو
ابوظبی: وزارتِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق (MoHESR) نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای کی 34 اعلیٰ تعلیمی جامعات کو ڈگریوں کی خودکار منظوری کے پہلے مرحلے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ان جامعات کے گریجویٹس کو اپنی ڈگریوں کی فوری منظوری حاصل ہوگی، جس سے سرکاری امور میں بیوروکریسی کے خاتمے اور تعلیمی نظام کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزارت کے مطابق اس سروس کے آغاز سے اب تک 25 ہزار سے زائد گریجویٹس مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں وزارت کی نگرانی میں بیرونِ ملک زیرِ تعلیم اماراتی طلبہ کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے سرکاری خدمات تک آسان رسائی حاصل کر سکیں۔
یہ خودکار منظوری کا نظام گریجویٹس کے لیے اعلیٰ تعلیم یا روزگار کے سفر کو تیز تر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور اضافی تصدیقی مراحل کی ضرورت ختم کر دے گا۔ اس کے علاوہ یہ سہولت سرکاری تقاضوں، رہائشی اجازت ناموں اور ویزا امور کی تکمیل میں بھی معاون ہے۔
وزارتِ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار احمد یوسف الناصر کے مطابق پہلے مرحلے میں 34 جامعات کو اس نظام سے منسلک کرنا وزارت کے اس عزم کا مظہر ہے کہ ایک مؤثر، لچکدار اور ڈیجیٹل قومی نظامِ منظوری تشکیل دیا جائے جو طلبہ، جامعات اور لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔
وزارت نے واضح کیا کہ یو اے ای میں قائم منظور شدہ جامعات کی اسناد کی تصدیق ایک منظور شدہ کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکے گی، جبکہ بیرونِ ملک جاری کردہ اسناد کے لیے بھی ڈیجیٹل رپورٹس اور آن لائن تصدیقی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور اداروں کے لیے استعمال میں آسانی یقینی بنائی جا سکے۔







