
سعودی عرب کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے ادویات کی الیکٹرانک ٹریکنگ سسٹم کی خلاف ورزیوں پر 10 فارمیسیوں پر مجموعی طور پر 17 لاکھ سعودی ریال سے زائد جرمانے عائد کر دیے ہیں۔ یہ اقدام دواسازی کی سپلائی چین کی نگرانی اور شفافیت کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اتھارٹی کے مطابق جرمانے ڈرگ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (آر ایس ڈی) کی خلاف ورزیوں پر عائد کیے گئے، جو ادویات کو تیاری کے مرحلے سے لے کر صارف تک پہنچنے تک مانیٹر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سات فارمیسیوں نے ادویات کی نقل و حرکت کو نظام کے ذریعے رپورٹ نہیں کیا۔ دو فارمیسیوں نے اپنی رجسٹرڈ مصنوعات کو سسٹم میں درج نہیں کیا، چاہے ان کی قیمت یا کھپت کی سطح کچھ بھی ہو۔ ایک فارمیسی نے متوقع قلت یا سپلائی میں تعطل کے بارے میں کم از کم چھ ماہ قبل مطلع نہ کر کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ آر ایس ڈی نظام ادویات کے معیار اور دستیابی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے ذریعے کمی، جعل سازی اور ادویات میں چھیڑ چھاڑ کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔ نظام سپلائی چین کے ہر مرحلے پر ادویات کی نگرانی کرکے مسائل کی بروقت نشاندہی ممکن بناتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ان ضابطوں کی خلاف ورزی پر جرمانے صرف فارمیسیوں تک محدود نہیں بلکہ دواساز گوداموں اور دیگر متعلقہ اداروں پر بھی لاگو ہو سکتے ہیں۔ سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانے 50 لاکھ سعودی ریال تک پہنچ سکتے ہیں، اس کے ساتھ عارضی بندش یا لائسنس کی منسوخی جیسی کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ آر ایس ڈی پلیٹ فارم جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔ اس نظام کے ذریعے مقامی طور پر تیار یا درآمد کی جانے والی تمام ادویات کی اصل اور ترسیل کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔
اتھارٹی نے کہا کہ یہ اقدامات عوامی صحت کے تحفظ، ادویات کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے اور سعودی منڈی میں دستیاب ادویات کے معیار و حفاظت پر اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔







