
خلیج اردو
اسلام آباد: سوشل میڈیا انفلوئنسر اور معروف میک اَپ آرٹسٹ ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے پہلے شوہر کے انتقال کے کئی سال بعد دوسری شادی کرلی۔
چند روز قبل ڈاکٹر نبیحہ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں، انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے ہونے والے شوہر ترک مردوں کی طرح خوبصورت ہیں۔ اب انہوں نے اپنے سے کم عمر دیرینہ دوست حارث سے نکاح کیا ہے، جب کہ نکاح مولانا طارق جمیل نے پڑھایا۔
سابق نیوز اینکر فرح اقرار نے ڈاکٹر نبیحہ کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ عروسی لباس میں دلہن کے روپ میں نظر آ رہی ہیں۔ ڈاکٹر نبیحہ نے نکاح اور شادی کی تقریب میں شرکت کرنے پر فرح اقرار کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں کے لیے بھی اظہارِ تشکر کیا۔
شادی کے موقع پر دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈاکٹر نبیحہ نے بتایا کہ انہوں نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے زیورات پہنے جبکہ ان کا عروسی لباس ایک کروڑ روپے کا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈاکٹر نبیحہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے جوانی میں اپنے سے 15 سال زائد العمر شخص سے شادی کی تھی، جن کے انتقال کے بعد وہ طویل عرصے تک غیر شادی شدہ رہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ شوہر کی وفات کے بعد زندگی میں مرد کی کمی محسوس کی اور اب انہیں نئی محبت ملی ہے جس کے ساتھ وہ شادی کرنے جا رہی ہیں۔







