
خلیج اردو
دبئی: روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید روڈ (ای 311) پر البراری انڈر پاس کے مقام پر ہفتہ 28 جون 2025 سے دو ماہ کے لیے ٹریفک کی عارضی تبدیلی کی جا رہی ہے۔
یہ تبدیلی علاقے میں برساتی اور زیر زمین پانی کے نکاسی نظام کو بہتر بنانے اور سڑک کی نئی تہہ بچھانے کے جاری منصوبے کا حصہ ہے۔
ڈرائیورز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ متبادل راستے استعمال کریں جن میں دبئی-العین پل (یُو ٹرن، جبل علی کی جانب) اور گلوبل ولیج انڈر پاس یا ام سقیم اسٹریٹ انٹرسیکشن (یُو ٹرن، شارجہ کی جانب) شامل ہیں، تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے۔ متعلقہ حکام نے بروقت منصوبہ بندی پر زور دیا ہے تاکہ سفر میں دشواری نہ ہو۔
شارجہ میں بھی اہم سڑک بند
دوسری جانب شارجہ میں سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کی اتھارٹی (SRTA) نے اعلان کیا ہے کہ 27 جون بروز جمعہ سے 27 جولائی بروز اتوار تک الانتفاضہ اسٹریٹ سے الکورنیش اسٹریٹ تک مکمل سڑک بند رہے گی۔ یہ بندش ایک بنیادی ڈھانچے کی ترقیاتی منصوبے کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے۔
ابوظہبی میں بھی جزوی بندش
ابوظہبی میں بھی سڑکوں کی بندش کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ سلطان بن زاید فرسٹ اسٹریٹ پر 27 جون سے 30 جون تک جزوی بندش ہو گی، جبکہ اس سڑک سے شیخہ فاطمہ بنت مبارک اسٹریٹ کی طرف فری رائٹ ٹرن 27 جون رات 12 بجے سے 30 جون صبح 5 بجے تک بند رہے گا۔







