
خلیج اردو
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے امارت کے سات ٹرک ریسٹ اسٹاپس پر پارکنگ کی گنجائش میں 364 نئی سلاٹس کا اضافہ کر دیا، جس کے بعد مجموعی پارکنگ گنجائش بڑھ کر ایک ہزار 7 سلاٹس ہو گئی ہے۔
توسیعی منصوبے کے تحت الروایہ 2 ٹرک ریسٹ اسٹاپ پر 107، لہباب 2 پر 90، لہباب 1 پر 47، الطی پر 18، الروایہ 1 پر 15 اور مدینۃ ہند 2 پر 27 نئی پارکنگ سلاٹس شامل کی گئی ہیں، جبکہ ند الحمر ٹرک ریسٹ اسٹاپ پر مزید 60 سلاٹس کی تعمیر جاری ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق یہ ریسٹ اسٹاپس ٹرکوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندی کے اوقات اور ہنگامی حالات میں محفوظ انتظار گاہ فراہم کرتے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوتی ہے اور سڑکوں، رہائشی و صنعتی علاقوں میں بے ہنگم پارکنگ کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔
آر ٹی اے کے ٹریفک اینڈ روڈز ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسین البنا نے کہا کہ ٹرک ریسٹ اسٹاپس سڑکوں کی حفاظت، ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور شہر کے خوبصورت ماحول کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مراکز ڈرائیوروں کو آرام، رہائش، ریستوران، دکانیں، فیول اسٹیشن اور ہیوی گاڑیوں کی مرمت جیسی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہر ماہ ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد ٹرک ان ریسٹ اسٹاپس سے فائدہ اٹھاتے ہیں، جبکہ دبئی میں روزانہ اوسطاً 4 لاکھ ٹرکوں کی آمدورفت ہوتی ہے، جو ان سہولیات کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو ظاہر کرتی ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق اب تک 16 میں سے 14 ٹرک ریسٹ اسٹاپس مکمل کیے جا چکے ہیں، جو شیخ محمد بن زاید روڈ، ایمریٹس روڈ، دبئی۔حتہ روڈ، دبئی۔العین روڈ، جبل علی۔لہباب روڈ اور العویر روڈ سمیت اہم مقامات پر قائم ہیں۔
اتھارٹی نے بتایا کہ 2026 سے 2033 کی ٹریفک سیفٹی حکمت عملی کے تحت ٹرک ڈرائیوروں کے لیے سال بھر آگاہی مہمات، گاڑیوں کے تکنیکی معائنے، مختلف زبانوں میں ٹرک سیفٹی گائیڈ کی فراہمی اور ہیوی گاڑیوں کی نگرانی کے اقدامات بھی جاری ہیں۔







