متحدہ عرب امارات

دبئی حکومت کا اماراتی ملازمین کے لیے 10 روزہ تنخواہ سمیت شادی کی رخصت کا اعلان

خلیج اردو
دبئی، 16 جولائی 2025
دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بدھ کے روز ایک نیا فرمان جاری کیا ہے جس کے تحت دبئی حکومت کے اماراتی ملازمین کو شادی پر 10 ورکنگ ڈیز کی مکمل تنخواہ سمیت رخصت دی جائے گی۔

"ڈگری نمبر 31 آف 2025” کے تحت جاری کردہ اس قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازم کو شادی کے بعد کسی بھی وقت، مسلسل یا وقفے وقفے سے، ایک سال کے اندر یہ رخصت استعمال کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اس رخصت کے دوران ملازم کو مکمل مجموعی تنخواہ بمعہ الاونسز و دیگر مالی مراعات دی جائیں گی۔

قانون کے مطابق شادی کی رخصت کے لیے درج ذیل شرائط کا پورا ہونا ضروری ہے:

ملازم کو صرف ایک بار شادی کی رخصت کے لیے درخواست دیتے وقت نکاح نامے کی کاپی جمع کروانا ہوگی۔

اس رخصت کو دیگر دستیاب رخصتوں کے ساتھ بھی ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ملازم سنگین وجوہات کے ساتھ اگر یہ رخصت اگلے سال منتقل کرنا چاہے تو اس کے براہ راست سپروائزر کی منظوری درکار ہوگی۔

علاوہ ازیں، اگر کسی ملازم کو شادی کی رخصت کے دوران قومی یا ریزرو سروس کے لیے طلب کیا جاتا ہے، تو باقی بچ جانے والے دن بعد از سروس ایک سال کے اندر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اس دوران کسی بھی سرکاری ادارے کو، سوائے فوجی ضرورت کے، ملازم کو واپس بلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یہ قانون ان تمام اماراتی شہریوں پر لاگو ہو گا جو دبئی حکومت کے مختلف اداروں، خصوصی ترقیاتی زونز، فری زونز (بشمول دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر) اور عدلیہ یا عسکری شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم، امیدواروں (candidates) کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یہ قانون یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہو گا اور اس کی تفصیلات سرکاری گزٹ میں شائع کی جائیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button